اسلام آباد :مشیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں میں کسی بھی قسم کی ردوبدل کا اختیار صرف آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کو حاصل ہے، اور اس حوالے سے کوئی انتظامی یا یکطرفہ فیصلہ ممکن نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کا مرحلہ قریب ہے، اور منتخب نمائندے ہی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے قانون سازی اور فیصلے کرنے کے مجاز ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین نشستوں سے متعلق معاملے پر آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ پہلے ہی اپنی قانونی رائے دے چکی ہے، جس سے آئینی پوزیشن واضح ہو جاتی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل اور ترقیاتی امور پر توجہ دیں، نہ کہ غیر ضروری تنازعات کو ہوا دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ان کے سامنے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، جبکہ ملاقات میں خیبر پختونخوا کے انتظامی اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔