جعفر ایکسپریس حملہ : 190مسافر بازیاب ، 30 دہشتگرد جہنم واصل : سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری

 جعفر ایکسپریس حملہ : 190مسافر بازیاب ، 30 دہشتگرد جہنم واصل : سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری

 کوئٹہ : کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، اب تک190 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے، جبکہ30 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، اور دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا گھیراؤ مزید تنگ کر دیا ہے، اور باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، اور ان میں خود کش بمبار بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں نے خود کش بمباروں کو معصوم یرغمالیوں کے ساتھ بٹھایا ہوا ہے، جن کے پاس خودکش جیکٹس ہیں۔ سکیورٹی فورسز اس خطرناک صورتحال کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہیں تاکہ معصوم مسافروں کو بچایا جا سکے۔

آپریشن کی شدت کو دیکھتے ہوئے سکیورٹی فورسز ہر قدم محتاط انداز میں اٹھا رہی ہیں اور دہشت گردوں کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔

مصنف کے بارے میں