’اس سال حج ہو گا‘ سعودی عرب کا اعلان

’اس سال حج ہو گا‘ سعودی عرب کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نائب وزیر حج سعودی عرب عبدالفتاح مشاة نے کہا ہے کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث حج بیت اللہ کو معطل نہیں کیا جائے گا بلکہ انشاءاللہ فریضہ حج کی ادائیگی ہو گی جس کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نائب وزیر حج سعودی عرب عبدالفتاح مشاة نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور حجاج کرام و زائرین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حج کیلئے آنے والوں کیلئے ویکسین لازمی ہو گی جبکہ حجاج کی تعداد کا اعلان کورونا وائرس کی صورتحال دیکھتے ہوئے شوال میں کیا جائے گا، پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے بہت قریب ہے، حج سے متعلق دیگر تفصیلات اور طریقہ کار کے بارے میں بھی شوال میں ہی اعلان کریں گے۔ 
اس موقع پر حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ امت مسلمہ سعودی عرب کی قیادت اور خدمات پر شکریہ ادا کرتی ہے، کورونا وائرس کی وباءکی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے، عمرہ زائرین اور حرمین شریفین آنے والوں کیلئے انتظامات پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔