لاہور: ینگ ڈاکٹرز کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

لاہور: ینگ ڈاکٹرز کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

لاہور : پولیس نے مال روڈ پر احتجاج کیلئے بیٹھے ہڑتالی ڈاکٹروں اور واٹر مینجمنٹ کے اہلکاروں کو اٹھا دیا اور انکے کیمپ بھی اکھاڑ دیے جبکہ بارش نے بھی ڈاکٹروں کے کیمپ بھگو دیے جس کےبعد مال روڈ ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے۔  ڈاکٹروں نے بعد ازاں فٹ پاتھ کیمپ لگائے تاہم چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

نیو نیوز کے مطابق پچھلے 5 روز سے مال روڈ کو بلاک کر کے بیٹھے ینگ ڈاکٹرز کو پولیس نے تتر بتر کر دیا ۔ پولیس جوانوں نے ہڑتالی ڈاکٹروں کے کیمپ بھی اکھاڑ دیے اور واٹر مینجمنٹ کے عملے کو بھی ہٹا دیا گیا  ۔ پولیس حکام نے ینگ ڈاکٹر ز کو 10منٹ میں مال روڈ خالی کرنے کا حکم دیدیا  ۔

سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مال روڈ پر پہنچے اور بڑے اطمینان سے ڈاکٹروں اور واٹر بورڈ مینجمنٹ کے اہلکاروں کے بیگ اور دیگر سامان اٹھا کر سائیڈ پر کر دیا جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے ہڑتالیوں کے کیمپ بھی اکھاڑ کر سڑک کو ٹریفک کیلئے خالی کر دیا ہے ۔ پولیس اہلکاروں نے ڈاکٹروں کے بستر اور دیگر سامان بھی اٹھا کر سڑک کو کلیئر کرادیا  ۔

ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ 5 دن سے شہری شدید مشکلات کا شکار تھے ۔ مشکلات کو دیکھتے ہوئے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال ڈاکٹر اسد بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے ینگ ڈاکٹرز سے مذاکرات کیے جس کے بعد ینگ ڈاکٹروں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر اسد کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹروں کا مسئلہ سیکیورٹی کا تھا جو حکومت نے حل کردیا یہ ڈیوٹی پر آئیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔