اسلام آباد: اشتر اوصاف نے اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئی تعیناتی تک انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتر اوصاف نے صحت کی خرابی کے باعث کام جاری رکھنے سے معذرت کی ہے اور حکومتی ذرائع نے ان کے مستعفی ہونے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اشتر اوصاف کو نئی تعیناتی تک بطور اٹارنی جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں برس مئی میں اشتر اوصاف علی کو اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا تھا اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
اشتر اوصاف 16-2015ءمیں وزیراعظم کے سپیشل اسسٹنٹ قانون و انصاف بھی رہ چکے ہیں، انہیں اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2016ءمیں اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا۔
اشتر اوصاف نے 2018ءتک بطور اٹارنی جنرل خدمات انجام دی تھیں جبکہ وہ 12-2011ءمیں صوبے کے پراسیکیوٹر جنرل بھی رہے ہیں۔
اشتر اوصاف 2 مرتبہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی رہے ہیں جبکہ انہوں نے بطور اٹارنی جنرل فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے آئینی ترمیم کے مسودے کی تیاری میں کردار ادا کیا تھا۔