Get Alerts

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف کی ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف کی ملاقات

راولپنڈی :  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف نے معرکۂ حق میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وفد نے یوم آزادی اور فتح کی تقریبات کے موقع پر نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور معرکۂ حق کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت اور یوم آزادی کی تقریب میں آذری دستے کی شرکت پر بھی شکرگزاری کی۔

ملاقات کے دوران کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو “پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون” سے نوازا، جو صدر الہام علیئیف کی جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عسکری تعاون میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

کرنل جنرل کریم ولیئیف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل کوششوں کو بھی سراہا اور دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے پاکستان کی شاندار میزبانی اور آذربائیجان کے لیے مستقل حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جی ایچ کیو آمد پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اور انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ٹیگز: