160ممالک کے شہریوں کو حج کیلئے منتخب کرلیا گیا

160ممالک کے شہریوں کو حج کیلئے منتخب کرلیا گیا

ریاض:سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 160ممالک کے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد رواں برس حج کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حرمین شریفین کے بیان میں کہا گیا کہ وزارت حج نے مملکت میں مقیم 160ممالک کے شہریوں کو حج کے لیے منتخب کرلیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ تمام خوش قسمت امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے ۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ درخواستوں کو عازمین کے تحفظ اور اچھی صحت کو یقینی بنانے کے لیے اعلی معیار کے مطابق جانچا گیا۔حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10جولائی مقرر کی گئی تھی اور اچھی صحت کو بنیادی نکتہ قرار دیا گیا تھا۔

حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70فیصد کا تعلق بیرون ممالک سے ہوگا جبکہ 30فیصد سعودی عرب کے ہی شہری ہوں گے۔وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 28ذیقعد سے 12ذی الحج تک کسی نے بغیر اجازت نامے کے منی، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخلے کی کوشش کی اس پر 10ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی نے خلاف ورزی کو دہرایا تو اس پر جرمانہ بھی دگنا ہوگا۔