قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہوں مریم نواز

 قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہوں مریم نواز
کیپشن: مریم نواز کی روانگی سے قبل چار بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز عام انتخابات کے سلسلے میں اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں جاتی امرا سے ریلی کی شکل میں ریٹرنگ آفس پہنچیں

مریم نواز کی روانگی سے قبل چار بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا اور اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ ملک ، قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہیں۔

ایوان عدل میں ریٹرننگ آفیسر نے مریم نواز سے سوال کیا کہ ملک میں پانی کا مسئلہ ہے اس کے بارے میں آپ کیا کہیں گی؟۔

مریم نواز نے انہیں جواب دیا کہ پانی کے مسئلے کے حل کے لیے ملک میں چھوٹے بڑے ڈیم بننے چاہئیں۔

مزید پڑھیں: پرویز مشرف کو وطن واپسی کیلئے کل دوپہر 2 بجے تک کی مہلت

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ ووٹ کی عزت مہم میں ہمیں کامیاب کرے کیونکہ ووٹ کی عزت کا وقت آ گیا ہے اور کامیابی قریب ہے۔ ووٹر سے کہتی ہوں باہر نکلیں ابھی نہیں تو کبھی نہیں۔

(ن) لیگ کی رہنما نے کہا کہ ڈکٹیٹر کو آزادی دی جا رہی ہے اور عوام کے منتخب وزیراعظم کو رسوا کیا جاتا رہا ہے۔ آئین اور قانون کی حکمرانی کے سوا گزارہ ممکن نہیں اور انتخابات ملتوی کرنے یا چالیں چلنے کا وقت گزر گیا مریم نواز کا کہنا تھا پاکستان جاگ اٹھا ہے اور عوام باشعور ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائے گی۔

مریم نواز کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ایوان عدل آمد سے قبل سیکیورٹی اقدامات کیے گئے۔ جن کے تحت سراغ رساں کتوں کی مدد سے کمرہ عدالت کی تلاشی لی گئی۔

کتا کمرہ عدالت میں لائے جانے پر دیگر امیدواروں نے احتجاج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر آصف بشیر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسپیشل برانچ کے افسروں کو نوٹس جاری کیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں