امریکی شہریوں کو کورونا ویکسین دسمبر سے لگنا شروع ہونگی، تیاریاں شروع کر دی گئیں

Corona vaccine will be available to US citizens from December, preparations have begun
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی ادویہ ساز کمپنی کی جانب سے کورونا وائرس کے سدباب کیلئے بنائی گئی ویکسین کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہریوں کو آئندہ ماہ دسمبر سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل روس نے بھی کورونا ویکسین کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ روس کی جانب سے بنائی جانے والی ویکسین کا نام ''سپوتنک فائیو'' رکھا گیا ہے۔ روسی وزارت صحت کا دعویٰ ہے کہ ان کی دوا دیگر ویکسین کے مقابلے میں زیادہ موثر ہے۔ ادھر جرمن کمپنی نے بھی کورونا ویکسین کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان دعوئوں کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

خبریں ہیں کہ مارچ 2021ء تک ان ویکسینز کو دنیا بھر میں پہنچانے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈبلیو ایچ او نے بھی کورونا ویکسین کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانوں کیلئے تحفہ قرار دیا ہے۔ 

خیال رہے کہ کورونا وائرس گزشتہ سال چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا تھا۔ تاہم چین پر شروع میں ہی اس پر قابو پا لیا تھا۔ چینی قوم نے حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جس کی دنیا بھر میں تعریف کرتے ہوئے دیگر انسانوں کو اس کی تقلید کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ یہ بیماری عالمی سطح پر پھیل چکی ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کھانسی، چھینک، گندی جگہوں پر ہاتھ لگانے، ماسک نہ پہننے، مصحافہ کرنے اور بغل گیر ہونے سے دوسروں میں منتقل ہو سکتا ہے۔ اس لئے طبی ماہرین کی جانب سے بار بار سماجی فاصلہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جاتا ہے۔