لاہور میں چینی بحران شدت اختیار کر گیا، شہری پریشان

لاہور میں چینی بحران شدت اختیار کر گیا، شہری پریشان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں چینی کا بحران شدت اختیار کر لیا ہے اور اکبری منڈی کے بعد ڈیپارٹمنٹل سٹورز سے بھی چینی غائب ہو گئی ہے جس کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی چینی بھی مارکیٹ سے غائب ہوگئی ہے اور اکبری منڈی سے چینی نہ ملنے پر جنرل سٹور مالکان خالی ہاتھ واپس آرہے ہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب منڈی سے چینی نہیں مل رہی تو گاہکوں کوکہاں سے دیں گے۔ 
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ نے بھی چینی دینے کی انوکھی شرط رکھ دی ہے اور دو کلو چینی کیلئے 1500 روپے کا دیگر سامان خریدنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت چینی کی دستیابی فوری ممکن بنائے تاکہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی میں ٹھنڈے مشروبات سے روزہ افطارکرسکیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں وفاقی وزراءمحمد حماد اظہر، سید فخر امام، عمر ایوب خان، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر اسلام آباد اور مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن شریک ہوئے جبکہ ویڈیو لنک سے صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔ 
منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن نے اجلاس کو آگاہ کیا تھا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے، چینی 68 روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو پر ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب ہے۔ اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز سے یومیہ 2600 ٹن آٹا، 2000 ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے۔ 
چیف کمشنر اسلام آباد نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں متعدد مقامات پر سستے بازار قائم کئے گئے ہیں جن میں اشیاءضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں، اس کے علاوہ کورونا وباءکے پیش نظر موبائل وین کے ذریعے بھی اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔
وزیر اعظم نے ہدایت دی تھی کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے، رمضان بازاروں میں کورونا وباءسے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ 
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے باوجود لاہور شہر میں چینی کی عدم دستیابی پر شہریوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دوران میں روزے رکھنے کا عمل بھی مشکل ہو گیا ہے اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مسئلہ تو تھا ہی لیکن عدم دستیابی کا معاملہ تشویشناک ہے۔