عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو کی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد

عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو کی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین اور ملک کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم اتحاد کا دامن تھام لے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور ملک کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اتحاد کے دامن کو تھام لے ۔

انھوں نے کہا کہ  یوم آزادی کے موقع پر میرے دل میں امید کا ایک عظیم چراغ روشن ہے ، اقربا پروری اور بدعنوانی کے باعث ملکی معیشت کو سنگین بحران کا سامنا ضرور ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ اگر ہم نے اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو اپنی منزل پالیں گے ، پاکستان قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنے گا۔

پی ایم ایل این کے صدر اور اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کےلیے نامزد امیدوار شہباز شریف نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے لیے تشکر کا دن ہے اور اس ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ایک الگ مملکت حاصل کرنے کے لیے برصغیر کے مسلمان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں کس طرح متحد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن میں اس ملک کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی جانب سے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔

ملک کے جشن آزادی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی قوم کو مبارک باد دی گئی۔

ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میں یوم آزادی کے جشن میں تمام پاکستانیوں کے ساتھ شریک ہوں ، انہوں نے کہا کہ خوشحالی، امن، مساوات کا راستہ کافی طویل ہے لیکن ابھی ہم سب کو مل کر اس جشن کو منانا چاہئے۔

یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج بھی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرسبز شاداب پاکستان مہم کا آغاز کیا اور قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔

اس کے علاوہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی۔

 
ہم سب کو ہمارا یوم آزادی مبارک۔


اللٰٓہ تبارک وتعالٰی ہمارے پیارے وطن کو ہمیشہ محفوظ، شاد و آباد رکھیں۔ اس مقصد کیلئے ہمیں متحد، پُر عزم اور ثابت قدم رکھیں۔ آمین۔
افواج پاکستان زندہ آباد
پاکستان پائندہ آباد۔

اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالٰی ہمارے پیارے وطن کو ہمیشہ محفوظ، شاد و آباد رکھیں اور اس مقصد کے لیے ہمیں متحد، پُر عزم اور ثابت قدم رکھیں۔