سڈنی:سڈنی میں پیش آنے والے افسوسناک حملے کے بعد پاکستان کو بدنام کرنے کی منظم اور مذموم سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا اور بعض بھارتی میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹی تصاویر، ویڈیوز اور من گھڑت الزامات کے ذریعے پاکستان کو واقعے سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق سڈنی حملے کو ایک انسانی سانحے کے بجائے سیاسی اور پروپیگنڈا جنگ میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، جو ہر لحاظ سے قابلِ مذمت ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل کی جانے والی ویڈیوز اور بے بنیاد دعوے نہ صرف جھوٹ پر مبنی تھے بلکہ انسانیت دشمن رویے کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ کسی بھی مستند عالمی یا آسٹریلوی ادارے نے پاکستان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات کی تصدیق نہیں کی۔ جھوٹی ویڈیوز اور من گھڑت ڈیٹا کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنانے کی منظم مہم حقیقت کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
اس منفی پروپیگنڈے کے باعث واقعے میں دکھائی دینے والی حقیقی انسانی بہادری اور قربانی کو دانستہ طور پر نظرانداز کیا گیا۔ حملے کے دوران مسلمان شہری احمد العہمد نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ بہادری، انسانیت اور قربانی کا کسی مذہب یا نسل سے کوئی تعلق نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا تعلق کسی قوم، مذہب یا نسل سے جوڑنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ سڈنی کا واقعہ ایک فرد کا جرم تھا، جسے بنیاد بنا کر پوری قوم یا مذہب کو بدنام کرنا نفرت انگیزی کے مترادف ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو نشانہ بنانے کا مقصد انتہا پسندی کے حقیقی اسباب، متاثرین کی مدد اور مسلمانوں کی پرامن شناخت سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، جو نہ صرف گمراہ کن بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرناک رجحان ہے۔