جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں: امیر کے پی

جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں: امیر کے پی
سورس: file

پشاور: جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جس کے ساتھ مرضی اتحاد بنائے ہمارا ان کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کے پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی کیساتھ  ملکرخیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے اعلان پر جماعتِ اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  پی ٹی آئی کا اختیار ہے کہ جس کے ساتھ چاہے حکومت بنائے، لیکن پی ٹی آئی کو اخلاقی اقدار ملحوظ خاطر رکھنی چاہیے ان کے جماعت اسلامی کا نام استعمال کرنے کا اخلاقی جواز نہیں بنتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، پی ٹی آئی خود سے ہی حکومت بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا نام استعمال کررہی ہے۔

 پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ یہ طرزِ عمل نامناسب اور غیر اخلاقی ہے۔ جماعت اسلامی کسی کو کندھا فراہم نہیں کرے گی۔

دوسری جانب جماعتِ اسلامی کے ترجمان  قیصر شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف قیادت کی جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے، مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کو حتمی جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات جتنی جلدی ہو کروا دیے جائیں، کے پی میں ہم حکومت کی تشکیل کی طرف جا رہے ہیں، وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی جائے گی۔

تحریک انصاف کی جانب سے مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیوایم کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کےاعلان کے بعد نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے بتایا کہ انتخابی نشان رکھنے والی سیاسی جماعت اگر کوئی نشست نہ جیت سکے تو بھی آزاد امیدوار اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں