آئندہ حج کے لئے الیکٹرانک ویزے جاری کئے جائیں گے، سعودی ناظم الامور

آئندہ حج کے لئے الیکٹرانک ویزے جاری کئے جائیں گے، سعودی ناظم الامور

کراچی:پاکستان میں سعودی عرب کے ناظم الامور (قائم مقام سفیر)مروان آر میرداد نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حج کے لیے سفارتخانہ الیکٹرانک ویزے جاری کرے گا ۔سعودی قونصلیٹ جنرل کراچی کو 60ہزار اضافی ویزہ اسٹکرپہنچا دئیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے سعودی سفارتخانہ کو کم وبیش ایک لاکھ اضافی ویزہ اسٹکر رواں ہفتہ میں ہی پہنچادیئے جائیں گے ۔

ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب برادر اسلامی ملک ہیں ،ان دونوں کے مابین ایک مخصوص گروپ یہ کہہ کر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی ناکام کوشش کرنے لگا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی بات نہیں مان رہا اس لئے سعودی سفارتخانے اور کراچی کے سعودی قونصل خانے نے پاکستانیوں کو عمرے ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔سعودی ناظم الامورمروان آر میرداد نے انکشاف کیا کہ سعودی سفارتخانے کو عمرہ ویزہ کے ہزاروں پاسپورٹ آج تک ملے ہیں ان تمام کا ڈیٹا کمپیوٹر میں ہم نے ڈال دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دو روز میں ریاض سے سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جو ں ہی اسٹکر ملیں گے ہم صرف اسٹکر چسپاں کرکے کمپیوٹر سے عمرہ ویزہ اسٹمپ دن رات ایک کرکے بیک لاگ ختم کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی قونصلیٹ کئی دنوں سے نئے 60 ہزار اسٹکرز پر عمرہ ویزہ اسٹمپ کرنے میں مصروف ہے اس طرح انہوں نے حقائق پاکستانی بھائیوں کو بتا دئیے ہیں ان حقائق کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا حق ہم نے روشن کردیا ہے باطل بھاگ رہا ہے۔سعودی عرب کے ناظم الامور نے کہا کہ سعودی سفارتخانے نے پیر بارہ جون2017تک رواں عمرہ سیزن میں پچھلے سالوں سے ریکارڈ زیادہ 6 لاکھ 69 ہزار980عمرہ ویزہ پاکستانی بھائیوں کے پاسپورٹوں پر اسٹمپ کئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے سعودی قونصلیٹ نے بھی5 لاکھ سے زیادہ برادر پاکستانیوں کے پاسپورٹوں پر عمرہ ویزے لگائے ہیں ہم نے عازمین عمرہ کے ویزے جلد سے جلد لگانے کے لئے وزٹ ویزے ورک ویزے لگانے کا سلسلہ روک دیا ہے۔ناظم الامور نے بتایا کہ بدھ13 جون 2017کی تاریخ میں عمرہ ویزہ کی تقریبا چالیس پچاس ہزار درخواستیں زیر التوا ہیں۔ اب تک ہم گزشتہ سال سے گیارہ ہزار زیادہ عمرہ ویزے دے چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مروان آر میرداد نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک لاکھ 43 ہزار پاکستانی حجاج کو ویزے دئیے گئے وہ توقع رکھتے ہیں کہ آئندہ حج کے لئے سعودی عرب پاکستانی بھائیوں کو ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد حج کے ویزے جاری کرے گا اس کے لئے وہ الیکٹرانک حج ویزے کا سسٹم نصب کرا رہے ہیں۔ سعودی عرب انڈونیشیا اور انڈیا کے مسلمانوں کو الیکٹرانک حج ویزے کامیابی سے جاری کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ توقع ہے کہ پاکستانی بھائیوں کے لئے اسلام آباد کا سعودی سفارتخانہ کم وبیش سات لاکھ عمرہ ویزہ جاری کردے گا ہم صبح سے رات دس بجے تک اور ہفتے اور اتوار کی چھٹی کے باوجود ویزے اسٹمپ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ انہوں نے سارے پاکستانی بہنوں بھائیوں کی درخواستوں پرعمرہ ویزہ لگانے کا عزم کر رکھا ہے اس کے لئے انہوں نے اپنی وزارت خارجہ سے دو لاکھ عمرہ ویزہ اسٹکر بھجوانے کی درخواست کر رکھی ہے۔ یہ درخواست گزشتہ رات انہوں نے بھیجی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے عمرے اور حج کے لئے ویزہ سعودی حکومت مفت جاری کر رہی ہے ایک سال میں دوسری بار جانے والوں سے 2 ہزار ریال فیس لی جائے گی ۔

مروان میر داد نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے شہری بھی پانچ سال میں ایک بار عمرہ یا حج کرسکتے ہیں وہ بھی مکہ مکرمہ کے رہائشی ہیں مجھ پر بھی یہی قانون لاگو ہے۔انہوں نے کہا کہ عمرہ حج کے لئے ہر سعودی شہری کو حکومت کی اجازت درکار ہے کیونکہ عمرہ حج اور مناسک کی ادائیگی دنیا کے ہر ملک کے ہر مسلمان کا حق ہے۔ خانہ کعبہ کے اردگرد طواف کی جگہ محدود ہے۔ایک گھنٹے میں ایک لاکھ سے زائد عازمین طواف کرنے لگے ہیں میرے علم میں یہ بات آئی کہ ایک عازم دن میں سات بار بھی طواف کرتا ہے اس طرح وہ دوسرے مسلمان عازم عمرہ کا حق مارتا ہے ۔ حرم شریف پر دنیا کے ہر ملک کے مسلمان کا حق ہے ،مروان آرمیرداد نے کہا حج کے الیکٹرانک ویزہ سسٹم سے وقت ، پیسے کی بچت ہوگی۔

عازمین حج کو سہولت ہوگی اس نظام سے عازمین حج کا تحفظ بہتر ہو جائے گا۔سعودی ناظم الامور نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال انہوں نے پاکستان کے ایک شہر میں وزٹ ویزہ اور ورک ویزہ کے جعلی طبع شدہ اسٹکر خود دیکھے مگر ایسے جعلی اسٹکر والے جدہ مدینہ سمیت سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کے امیگریشن ڈپارٹمنٹ سے سو فیصد روک لیے انہوں نے کہاکہ ہم یومیہ 5سو وزٹ ویزے اور ایک سو ورک ویزے لگاتے رہے ہیں ۔سعودی ناظم الامورنے سوال کیا کہ امریکہ روس چین جاپان فرانس برطانیہ کے سفارتخانے کیا یومیہ ہزاروں ویزے لگاتے ہیں ان سے کہا گیا ہزاروں میں نہیں وہ چند سو یا پھر چند درجن ویزے لگاتے ہیں۔اس پرمروان میر داد نے بتایا کہ ہم نے ہفتہ اور اتوار کو پندرہ ہزار عمرہ ویزے لگائے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔