ورلڈ کپ بڑا ٹاکرا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں

ورلڈ کپ بڑا ٹاکرا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں
سورس: File

حیدر آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ  میں  سب سے بڑا ٹاکرے کیلئے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں احمد آباد اسٹیڈیم پہنچ گئیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے بڑا مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان بھارتی شہر احمد آباد کےنریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں  مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجےہوگا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج احمد آباد میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ موسم گرم اور مرطوب رہے گا، بارش کی وجہ سے پاک بھارت میچ اثر انداز نہیں ہو گا۔ 

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ 
 
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد پاکستان پلیئنگ الیون پر غور کیا گیا اور کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد اور شاداب خان شامل ہیں۔

محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی ممکنہ پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ بھارتی بلے باز شبھمن گل کے 99 فیصد چانسز ہیں کہ وہ آج کا میچ کھیلنے میدان میں اتریں گے لیکن حتمی طور پر فیلڈ میں ہی معلوم ہو گا کہ شبھمن آج کا میچ کھیلتے ہیں یا نہیں۔ 

پاکستان بھارت میچ دیکھنے کیلئے شائقین بھی اسٹیڈیم  میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ بھارتی بلے باز روہت شرما کی اہلیہ بھارتی اداکارہ انوشکا شرما بھی اسٹیڈیم پہنچ گئی ہیں۔ دوسری طرف پاکستان بھارت مقابلے سے پہلے میوزیکل شو کیلئے کئی ستارے بھی احمد آباد اسٹیڈیم آ چکے ہیں۔ 

یاد رہے کہ پاکستان بھارت میچ سے قبل تقریب مقامی وقت کے مطابق دن 12 بجے شروع کی جائے گی  جس میں ارجیت سنگھ، سکھوندر سنگھ، اور شنکر مہادیون جیسے مشہور ہندوستانی گلوکار  پرفارم کریں گے۔

پاکستان بھارت کا ٹاس مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے جبکہ میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں