اسلام آباد: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے غیر قانونی بین الاقوامی سمز کی فروخت میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق، یہ سمز مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہی تھیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے غیر قانونی بین الاقوامی سمز کی خرید و فروخت کر رہے تھے، جن کا استعمال بلیک میلنگ، بھتہ خوری، فراڈ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں کیا جا رہا تھا۔ ملزمان سے 335 غیر قانونی سمز اور 5 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم وقار الدین سید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ غیر ملکی سمز پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہیں اور ان کا استعمال شناخت چھپانے، چائلڈ پورنوگرافی، مالیاتی فراڈ اور دہشت گردی کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی پری ایکٹیویٹڈ سمز کا غیر قانونی استعمال سب سے زیادہ ہو رہا ہے۔