کولمبو: کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ آج روایتی حریفوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان منعقد ہونے جا رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس ہائی وولٹیج ٹاکرے کا انتظار دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کرکٹ کو شدت سے ہے، جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
یہ مقابلہ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے کولمبو کے تاریخی آر پریماداسا اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ماہرین کا ماننا ہے کہ جو ٹیم دباؤ کو بہتر طریقے سے ہینڈل کرے گی، وہی فتح کا تاج پہنے گی۔سٹیڈیم کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں اور کولمبو میں شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جب بھی ٹاکرا ہوتا ہے، وہ محض کھیل نہیں بلکہ جذبات کی جنگ بن جاتا ہے۔ پاکستانی شاہینوں کی بولنگ اور بھارتی بلے بازوں کی بیٹنگ کے درمیان ایک کڑا مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ سے قبل جیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔