لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہاں سیاسی و کرکٹ معاملات پر بھارتی رویے کو آڑے ہاتھوں لیا، وہاں پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کے لیے بڑے ریلیف اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر مزدور طبقے کا ماہانہ الاؤنس 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے تاکہ وہ رمضان المبارک میں معاشی ریلیف محسوس کر سکیں۔
پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو کھیل سمجھا ہے، مگر بھارت کی جانب سے ہمیشہ اس کے برعکس رویہ دیکھنے میں آتا ہے۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 25 اضلاع میں قائم 36 رمضان بچت بازاروں سے اب تک 3 لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہو چکے ہیں۔حکومت ہر تحصیل میں روزانہ 2 ہزار مستحق افراد کے لیے مفت افطاری کا اہتمام کر رہی ہے، جبکہ نگہبان کارڈ کے ذریعے حقداروں کو رقوم کی فراہمی جاری ہے۔