ٹرمپ کے سکیورٹی امداد میں معطلی کے اعلان کے بعد بل گیٹس کا پاکستان کی مالی امدادبڑھانے کا فیصلہ

ٹرمپ کے سکیورٹی امداد میں معطلی کے اعلان کے بعد بل گیٹس کا پاکستان کی مالی امدادبڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد:امریکہ کی جانب سے پاکستان کی سکیورٹی امداد کو معطل کرنے کے اعلان کے بعد دنیا کی امیر ترین شخصیت اور ٹیکنالوجی کمپنی کے مالک بل گیٹس نے پاکستان کی مالی امداد میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے صحت سارہ افضل تارڑ کو ایک خط موصول ہوا ہے جس کے مطابق بل گیٹس اوران کی فلاحی تنظیم بل اینڈ میلنڈ ا گیٹس فاﺅنڈیشن کی جانب سے پاکستان کی مالی امداد بڑھانے اور پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت کی تعریف کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بل گیٹس نے صحت کے شعبے میں ہونیوالی جدت اور خاص طور پر ماں اور بچے کی دیکھ بھال اور تولیدی صحت کو مضبوط بنانے کے عمل کو بھی تسلیم کیا اور خط میں تجویز دی کی ڈی جی صحت ڈاکٹر اسد حفیظ کو وزارت اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے درمیان رابطے کیلئے نامزد کیا جائے۔

خیال رہے کہ فاﺅنڈیشن کی جانب سے اب تک پاکستان کو 72 ارب روپے دیئے جاچکے ہیں اور توقع یہ ہے کہ مستقبل میں امداد کی اس رقم میں اضافہ ہوگا۔ بل اور میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن مخصوص ویکسینیشن مہم، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور آگہی فراہم کرنے کے لیے تکنیکی اور مالی وسائل فراہم کرتی ہے.

اگرچہ ماضی میں اس کا واحد مقصد پولیو کے خاتمے کی مہم کی حمایت کرنا تھا مگر حالیہ بات چیت اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ فاﺅنڈیشن صحت کے دیگر شعبوں میں بھی اپنی مدد کو بڑھانا چاہتی ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 15 سال میں پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی امداد دیکر بیوقوفی کی اور پاکستان نے ہماری دی جانے والی امداد کے بدلے ہم سے جھوٹ بولا ۔