سینیٹ قرارداد: الیکشن کمیشن نےعام انتخابات ملتوی کرانے سے انکار کر دیا

 سینیٹ قرارداد: الیکشن کمیشن نےعام انتخابات ملتوی کرانے سے انکار کر دیا
سورس: file

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے الیکشن ملتوی کرنے کی منظور قرارداد پر کواب دیتے ہوئے عام انتخابات ملتوی کرنے سے انکار کردیا۔

الیکشن کمیشن نے ملک میں 8 فروری کو شیڈولڈ انتخابات ملتوی کرانے سے متعلق سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو مراسلہ بھیجتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آپ کی قرارداد کا جائزہ لیا، الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی مشاورت سے 8 فروری کو پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا۔ 

عام انتخابات ملتوی کرانے سے انکار کے الیکسن کمیبشن کے مراسلے میں کہا گیا کہ امن و امان کے لیے نگران حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں، سپریم کورٹ میں اس عزم کا اظہار کیا کہ 8 فروری کو انتخابات منعقد کروائیں گے جبکہ ماضی میں عام انتخابات اور مقامی حکومتوں کے انتخابات سردیوں میں ہوئے ہیں لہٰذا اس مرحلے پر الیکشن ملتوی کرنا مناسب مشورہ نہیں اور اس وقت عام انتخانات 2024 کو ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ سینیٹ میں عام انتخابات کو ملتوی کرانے کی قرارداد پیش کرنے والے سینیٹر دلاور خان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ باعث تشویش ہے کہ الیکشن کمیشن نے تاحال 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

سینیٹر دلاور خان نےخط میں کہا کہ قرارداد میں نشاندہی کیے گئے تحفطات پر توجہ دینی چاہیے تھی، بطور ایوان کے کسٹوڈین مداخلت کر کے میری قرارداد پر عمل درآمد کی موجودہ صورت حال معلوم کی جائے اور یقینی بنایا جائے کے انتخابات ملتوی ہو جائیں گے۔ 

واضح رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹر دلاور خان نے سب سے پہلے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا، اس قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں 14 سینیٹرز موجود تھے۔ بعد ازاں سینیٹ میں 8 فروری کو شیڈول الیکشن ملتوی کرانے کے لیے ایک اور قرارداد جمع کرائی گئی جو فاٹا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی۔

مصنف کے بارے میں