کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

لاہور: این اے 120 کے حلقے کے لیے (ن) لیگ کی امیدوار کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی منظورکرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر، کلثوم نواز، نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کلثوم نواز اپنے درست مالی گوشوارے فراہم کرنے اور بالواسطہ یا بلاواسطہ اپنے زیراستعمال اثاثے بتانے میں ناکام رہیں۔ کلثوم نواز نے جان بوجھ کر اور بدنیتی سے اپنے اثاثے چھپائے جس کے بعد کلثوم نواز آرٹیکل 62، 63 کے تحت الیکشن میں حصہ لینے کی اہل نہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے کرپشن جاری رکھنے کیلئے ہر حال میں الیکشن جیتنے کی قسم کھا رکھی ہے جب کہ ان کی جانب سے اپنا اقامہ بھی ظاہر نہیں کیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ کا 13 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں