کراچی: سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں سانحے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے مکمل تعاون کی درخواست کی۔
ملاقات کے دوران جسٹس آغا فیصل نے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہدا کے اہل خانہ ہیں اور کمیشن ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کا مقصد تحقیقات کا آغاز لواحقین سے کرنا تھا تاکہ ان کے مؤقف اور تحفظات کو براہ راست سنا جا سکے۔
جسٹس آغا فیصل نے واضح کیا کہ ٹریبونل کا مقصد مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات اور جانی نقصانات کی روک تھام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی نقصان کی تلافی تو ممکن ہے لیکن جانی نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے لواحقین کے لیے کچھ سوالات تیار کیے ہیں اور ان کی معاونت کی خواہش ظاہر کی۔ اگر اہل خانہ چاہیں تو سوالنامہ موقع پر ہی جمع کروا سکتے ہیں یا بعد میں ہائیکورٹ آکر اپنے بیانات ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔
جسٹس آغا فیصل نے یہ بھی کہا کہ کمیشن کی کوشش ہے کہ تمام متاثرہ خاندان اپنے بیانات قلمبند کرائیں تاکہ حقائق تک پہنچنے میں آسانی ہو۔ کمیشن عوام، حکومت اور متعلقہ اداروں سے معلومات بھی طلب کر رہا ہے، اور ریسکیو ورکرز تک رسائی کی خواہش بھی ظاہر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام معلومات اور بیانات کی بنیاد پر جامع جوابات اور سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔