متحدہ عرب امارات کا بھی اسرائیل کیخلاف اہم فیصلہ

uae-zayed-israel-palestine

دبئی :اسرائیل اور فلسطین میں جاری حالیہ کشیدگی کے بعد جہاں امریکہ اور یورپی ممالک نے اسرائیل سے فضائی رابطہ منقطع کر لیا ہے وہیں متحدہ عرب امارات کی دو فضائی کمپنیوں نے اسرائیل کیساتھ رابطے منقطع کر دئیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور فسلطین میں جاری جنگ جیسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی دو فضائی کمپنیوں اتحاد ائیر ویز اور فلائی دبئی نے بھی اسرائیل جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دیں ۔

عالمی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب کی فضائی کمپنیوں اتحاد اور فلائی دبئی نے تل ابیب جانے والی مسافر بردار اور مال بردار پروازوں کو منسوخ کردیا اس سے قبل امریکی اور یورپی فضائی کمپنیوں نے بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازوں کو منسوخ کردیا تھا۔

دونوں کمپنیوں کی چار پروازیں شیڈول تھیں ، فلائی دبئی نے حال ہی میں اسرائیل کے لیے پروازوں کا آغاز کیا تھا، پروازوں کی منسوخی کی وجہ نہیں بتائی تاہم یہ فیصلہ اسرائیل کی غزہ میں بمباری اور پْرتشدد کارروائیوں میں اضافے کے بعد لیا گیا ہے۔

دوسری طرف اسرائیل کیخلاف او آئی سی اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظو ر کر لی گئی ہے جس میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو طاقت کے استعمال سے فوری روکے ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صورتحال کو کنٹرول نہ کیا گیا تو پورے خطے میں حالات بے قابو ہوسکتے ہیں ۔