اسلام آباد: یومِ تشکر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ "اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نازک گھڑی میں ہمیں فتح سے نوازا گیا۔ یہ کامیابی صرف پاکستان کی مسلح افواج کی نہیں، پوری قوم کی ہے۔" انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کے سامنے قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہی۔ "مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، جنہوں نے اپنے عزم، حوصلے اور مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔"
صدر آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، جس میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، لیکن چند گھنٹوں میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا گیا۔ "آج کا دن اللہ کا شکر بجا لانے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔"
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یومِ تشکر کے موقع پر قوم سے خطاب میں کہا کہ "وہ طیارے جو بھارت کا غرور تھے، آج راکھ بن چکے ہیں اور نشانِ عبرت ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگا کر عسکری تاریخ کا ایک نیا باب رقم کیا۔"
وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دندان شکن جواب صرف ایک فوجی کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد، عزم اور غیرت کی جیت ہے۔ "قوم کی طرف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں۔"
یاد رہے کہ ملک بھر میں آج یومِ تشکر کے سلسلے میں مختلف تقریبات جاری ہیں جن میں قرآن خوانی، توپوں کی سلامی، پرچم کشائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ مرکزی تقریب اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ پر ہو رہی ہے، جس میں وزیراعظم، عسکری قیادت اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔