نیشنل ٹی 20 کپ ،سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے بائیوببل کی خلاف ورزی

نیشنل ٹی 20 کپ ،سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے بائیوببل کی خلاف ورزی

لاہور:نیشنل ٹی 20کپ کے دوران بائیوببل کی خلاف ورزی کے واقعات نہ رک سکے جس پر پی سی بی کی جانب سے ایکشن لیے جانے کا امکان ہے۔ 

پی سی بی کوویڈ پروٹوکولز کی پروا نہ کرنے والوں کے خلاف کل  ایکشن لینے کا فیصلہ کرے گا جب کہ کرکٹرز کے ساتھ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کے مرتکب کوچز کو بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 گزشتہ روز 12 کے قریب کھلاڑی اور آفیشلز کوویڈ پروٹوکولز رولز کی خلاف ورزی میں ملوث رپورٹ کیے گئے ہیں، اس فہرست میں دورہ انگلینڈ کا حصہ رہنے والے معروف کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

 رولز کیمطابق ان کرکٹرز نے اپنے خرچ پر دوبارہ کوویڈ ٹیسٹنگ بھی کرالی ہے جس کی رپورٹ آج ملے گی۔ رپورٹ آنے تک یہ کھلاڑی اور آفیشلز آئسولیشن میں رہتے ہوئے کسی سے میل جول نہیں رکھیں گے۔ پازٹیو رپورٹ آنے پر ان کرکٹرز اور آفیشلز کے ساتھ پی سی بی کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتاہے۔  

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈنے ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے چھاتی کے سرطان سے آگاہی فراہم کرنے کی غرض سے کل پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دونوں سیمی فائنلز کوپنک ربن ڈے سے منسوب کردیا ہے۔

چھاتی کے سرطان سے سدباب کے لیے دنیا بھر میں ہر سال ماہ اکتوبر کو ''چھاتی سرطان سے آگاہی کا مہینہ'' کے طور پر منایا جاتا ہے۔چھاتی کا سرطان، دنیا بھر میں خواتین میں پایا جانے والا سب سے عام سرطان ہے۔