Get Alerts

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، تمام احتجاجات اور اجتماعات پر پابندی

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، تمام احتجاجات اور اجتماعات پر پابندی

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی ہفتہ 18 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی پابندی ہوگی۔ تاہم، پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ سرکاری افسران اور اہلکار جو فرائض انجام دے رہے ہیں، اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ یہ اقدامات دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ عوامی جلوس اور دھرنے دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں اور شرپسند عناصر احتجاجات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ٹیگز: