وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

دوشنبے: وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسائی سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے  برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے ایران کے ساتھ کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر تاجکستان میں موجود ہیں اور انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسائی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اورخطےکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ 

وزیراعظم نے صدارتی الیکشن جیتنے پر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے ایران کے ساتھ کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، تجارت، اقتصادی شعبے اور علاقائی رابطے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

عمران خان نے اپنے معاشی تحفظ کے ایجنڈے اور پاکستان کی جیو پولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف تبدیلی پر روشنی ڈالی اور ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر ایران کی مسلسل حمایت پر صدر ابراہیم رئیسی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کا منصفانہ اور اصولی موقف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے لڑنے کے لیے طاقت کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان میں پاکستان کی اہم دلچسپی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ 40 سال بعد افغانستان میں تنازع اور جنگ کو بالآخر ختم کرنے کا موقع ہے۔ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال کو مستحکم کرنے اور انسانی بحران کو روکنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ضروری تھا۔

094c55a9aa5f6e9ca7f6e7c605301d56

اس سے قبل وزیراعظم نے تاجکستان میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان بزنس فورم پر تجارت کوفروغ دینے سے متعلق بات ہو گی اور پاکستان سے مختلف کمپنیوں کے وفود ہمارے ساتھ آئے ہیں جبکہ پاکستان سے 67 مختلف شعبوں کی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان میں تجارت سے فائدہ ہو گا اور کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط بڑھانا ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور پاکستان میں بدقسمتی سے بجلی مہنگی ہے جبکہ توانائی کے منصوبے کاسا 1000 کی جلد تکمیل چاہتے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان نے قزاقستان کے صدر سے ملاقات بھی کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا  گیا اور ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر تاجکستان میں موجود ہیں۔ تاجکستان پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان  کااستقبال تاجک ہم منصب نے کیا اور ائیر پورٹ دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ہوئی جبکہ دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوران وزیر اعظم 20 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان تاجکستان کےصدرسےملاقات کریں گے۔ افغانستان میں جاری  صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات  فواد چودھری ، علی زیدی بھی  وزیراعظم کے ہمراہ ہیں،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اورمشیرقومی سلامتی  معید یوسف  بھی  وزیراعظم کے  ساتھ دورے پر موجود ہیں۔