کورونا وائرس رواں سال عالمی ترقی کی شرح کو متاثر کر سکتا ہے، آئی ایم ایف

کورونا وائرس رواں سال عالمی ترقی کی شرح کو متاثر کر سکتا ہے، آئی ایم ایف
کیپشن: بیماری کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے سینکڑوں افراد پہلے ہی ہلاک ہوچکے ہیں، آئی ایم ایف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ چین سے پھیلنے والا کورونا وائرس 2020 میں عالمی ترقی کی شرح کو متاثر کر سکتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا جہاں کورونا وائرس سے رواں سال عالمی ترقی کی شرح متاثر ہوسکتی ہے وہیں معیشت کی واپسی کے عمل میں بہت تیزی بھی آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیماری کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے سینکڑوں افراد پہلے ہی ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد اب دیکھنا ہوگیا کہ اسے کتنی تیزی سے قابو کیا گیا۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہر ایک کو ہدایت کرتی ہوں قبل از وقت نتیجے پر مت جائیں، ابھی بھی بہت بڑی غیر یقینی ہے، ہم تصورات کے بجائے حالات کے ساتھ چلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت قبل از وقت ہوگا کہ اس بیماری کے مکمل اثرات کا انداز لگایا جائے لیکن یہ بھی دیکھا گیا کہ یہ وبا ٹرانسپورٹ اور سیاحت کو پہلے ہی متاثر کرچکی تھی۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی تک اس وائرس کی نوعیت کا علم نہیں اور ہمیں یہ بھی نہیں پتا کہ چین کتنی جلد اس پر قابو پانے کا اہل ہوگا، ہمیں نہیں پتا کہ یہ دنیا کے باقی حصوں کو بھی متاثر کرے گا۔

آئی ایم ایف کی سربراہ نے گزشتہ ماہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کا بھی خیر مقدم کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ جنوری کی عالمی معیشت کے تناظر میں آئی ایم ایف نے عالمی معاشی ترقی کو 3.3 سے 0.1 فیصد پر کم کیا جو گزشتہ سال کی 2.9 فیصد ترقی کی شرح کے بعد دہائی کی کم ترین شرح ہے۔