Get Alerts

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی شہری تہران خالی کر دیں کیونکہ حالات کسی بھی وقت مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

کینیڈا میں جی سیون اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو 60 دن کی مہلت دی گئی تھی، مگر اس نے انکار کر دیا، اب نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایران جنگ نہیں جیت رہا" اور اسے مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہوگا، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

ٹرمپ نے ایران کے رویے کو "بیوقوفی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "معاہدہ نہ کرنا خود ایران کے لیے نقصان دہ ہے۔" انہوں نے زور دیا کہ انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے جو شرمناک ہے، اور امریکا یہ تماشا مزید برداشت نہیں کرے گا۔

ٹرمپ نے موجودہ صورتحال کی ذمہ داری بائیڈن انتظامیہ پر ڈال دی، اور دعویٰ کیا کہ "اگر میری حکومت ہوتی تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔" انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنا دفاع کر رہا ہے اور "بہت اچھا کر رہا ہے"۔

صدر ٹرمپ نے جی سیون اجلاس میں اپنی شرکت کا وقت کم کر دیا اور قومی سلامتی کونسل کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ "سچویشن روم پوری طرح تیار رہے، کیونکہ آنے والے دن انتہائی اہم اور خطرناک ہو سکتے ہیں۔"

ادھر مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، کیونکہ اسرائیل نے ایران پر ایک اور فضائی حملہ کیا ہے، جس میں ایرانی سرکاری ٹی وی اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، اور شہادتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے آخر میں کہا کہ ایران کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرے، کیونکہ جنگ دونوں طرف کے لیے تکلیف دہ ہے۔

ٹیگز: