نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے خبردار کیا ہے کہ اگر نفرت پر مبنی بیانیوں کو روکا نہ گیا تو یہ دنیا بھر میں معاشروں کو تقسیم اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات "نفرت کے خلاف بین الاقوامی دن" کے موقع پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایسے بیانیے خاص طور پر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا میں اضافہ، جیسے کہ مذہبی شعائر کی توہین، امتیازی قوانین، اور مسلمانوں کے خلاف منظم بدنامی کی مہم، ایک خطرناک رجحان ہے۔ میڈیا اور سیاسی طاقتوں کے زیرِ اثر پلیٹ فارم اس نفرت انگیز ماحول کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نسل پرستی اور غیر ملکیوں کے خلاف نفرت جیسے رجحانات دنیا کو تقسیم کی طرف دھکیل رہے ہیں، اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری، اجتماعی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔