انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ،نگران حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بہتری ہے، مہنگا پٹرول خرید کر سستا نہیں دے سکتے : مرتضیٰ سولنگی

انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ،نگران حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بہتری ہے، مہنگا پٹرول خرید کر سستا نہیں دے سکتے : مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد :  وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ا لیکشن  نوے دن میں کرانے ہیں یا فروری میں ۔شیڈول دینا  الیکشن کمیشن کا کام ہے۔الیکشن کمیشن کل انتخابات کا کہے تو ہم تیار ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستا فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ہماری پہلی ترجیح معیشت بہتر کرنا ہے۔ 

  

نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ پر نگراں وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر کسی دوسرے مذہب کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے۔ ریاست کی طاقت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اکثریت ہیں لیکن اکثریتی غلبے کا طرز اختیار نہیں کریں گے کیونکہ اسلام ہمیں دیگر اقلیتوں کے ساتھ ایسا برتاؤ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، ہم کسی بھی فرد، فرقے اور قوم کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ نگراں حکومت کی ترجیح معاشی بہتری پر ہو گی۔ ان کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

نگراں وزیراطلاعات کے مطابق آج کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ نگران حکومت کی توجہ ملکی معیشت پر رہے گی اور وفاقی کابینہ کے سرکاری اخراجات کو کم کرنا ہوگا اور ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دن رات کام کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا پورا شیڈول اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا ہوا ہے اور الیکشن کمشین ہی انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے ہی چلائیں گے اور اس کے لیے آپ کے پاس ایک منتخب جمہوری حکومت ہوگی اور وہ آزادانہ، منصافنی، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں ہی ممکن ہے۔ اس بنیادی کام کو آئین اور قانون کی نظر میں جو ہماری ذمہ داریاں ہیں ہم وہ پوری کریں۔

مرتضیٰ سولنگی کے مطابق سی سی آئی کے مردم شماری سے متعلق ایک جماعت عدالت میں گئی ہوئی ہے اس وجہ سے اس معاملے کے میرٹ پر بات کرنا مناسب نہیں ہو گا۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ نگراں حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے لیے بھرپور تعاون کرے گی اور وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کے دن پہلا ووٹ میں اور میری کابینہ کاسٹ کرے گی۔

مصنف کے بارے میں