Get Alerts

لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 54 واں یومِ شہادت ، فیلڈ مارشل عاصم منیر ،سروسز چیفس کی جانب سے خراجِ عقیدت

لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 54 واں یومِ شہادت ، فیلڈ مارشل عاصم منیر ،سروسز چیفس کی جانب سے خراجِ عقیدت

راولپنڈی : پاکستان بھر میں آج لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 54 واں یومِ شہادت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اور ملک کی سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔

یومِ شہادت کی مناسبت سے دن کا آغاز قرآن خوانی اور دعاؤں سے کیا گیا، جہاں علماء کرام نے لانس نائیک محمد محفوظ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر شہید کی بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

لانس نائیک محمد محفوظ شہید 25 اکتوبر 1944ء کو ضلع راولپنڈی کے گاؤں پنڈ ملکاں میں پیدا ہوئے۔ 1962ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے محمد محفوظ شہید نے 1971ء کی جنگ کے دوران واہگہ بارڈر پر بھارتی فوج کے خلاف شجاعت کی ایک ناقابلِ فراموش مثال قائم کی۔ جنگ کے دوران بھارتی فوج کی شیلنگ سے ان کی مشین گن تباہ ہوگئی اور دونوں ٹانگیں زخمی ہو گئیں، تاہم انہوں نے زخمی حالت میں بھی دشمن کے بنکر پر حملہ کیا اور بھارتی فوج کو پسپائی پر مجبور کیا۔

لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے ہندوستانی فوجیوں کو نہ صرف بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ ایک بھارتی سپاہی کو گلے سے دبوچ لیا۔ اس دوران ایک اور بھارتی فوجی نے خنجر سے حملہ کر کے انہیں شہید کر دیا۔ ان کی شہادت کے بعد بھارت کے فوجی بھی ان کی بہادری کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوئے۔

23 مارچ 1972ء کو لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو سب سے بڑے فوجی اعزاز، نشانِ حیدر سے نوازا گیا، اور ان کے گاؤں پنڈ ملکاں کا نام محفوظ آباد رکھا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا یومِ شہادت نہ صرف ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے بلکہ یہ افواج پاکستان کی مادر وطن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر بھی ہے۔ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے، اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

یومِ شہادت کے اس موقع پر پاکستانی قوم اپنے عظیم ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے، جو نہ صرف پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کا باعث بنی بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی عظمت کو بلند کیا۔

ٹیگز: