سکول اور کالج کھل گئے، نویں سے بارہویں کلاس تک پڑھائی شروع

Schools and colleges opened, classes from ninth to twelfth began
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمی وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے پاکستان بھر میں بند کئے جانے والے سکولوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بچوں کو اس موقع پر مبارکباد دی ہے۔

یہ بات انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے اے لیول، بارہویں اور نویں جماعت کے طلبہ کیلئے پڑھائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام طلبہ کیلئے اپنی نیک تماؤں کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح بچوں کا بہتر مستقبل ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 18 جنوری سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ سلسلہ مرحلہ وار رکھا گیا ہے، ابھی صرف نویں سے بارہویں تک کے طلبہ کیلئے سکول اور کالجوں کو اوپن کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وہ یکم فروری سے پرائمری سے مڈل اور یونیورسٹی کی سطح کے طالبعلم اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

اس بات کا فیصلہ 15 جنوری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں شفقت محمود نے یہ بات بھی واضح کی تھی کہ عالمی وبا کی صورتحال کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی رپورٹ دیکھ کر اپنے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کی بندش ختم ہو لیکن ہمارے لئے بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے، حتمی فیصلہ اسی بنیاد پر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بورڈ کے امتحانات کو ملتوی کر دیا جائے جو مارچ اور اپریل میں شیڈول تھے، اب یہ امتحانات مئی اور جون کے مہینوں میں ہونگے۔