ویکسین لگوانے کے باوجود برطانوی وزیر صحت کورونا وائرس میں مبتلا  

Despite being vaccinated, the British Minister of Health contracted the corona virus
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: برطانیہ کے وزیر صحت ساجد جاوید کورونا وائرس سے بچاؤ کی دونوں خوراکیں لگوانے کے باوجود اس وبائی مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد برطانوی وزیر صحت کا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آیا۔ حالانکہ انھیں عالمی وبا سے بچاؤ کی دونوں خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

اپنی بیماری سے متعلق بات کرتے ہوئے ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ ان میں اس وقت کورونا وائرس کی انتہائی معمولی علامات ہیں۔

برطانوی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بظاہر وہ مکمل صحت مند ہیں اور روزمرہ کے فرائض کی انجام دہی کرنے کے قابل ہیں لیکن اس کے باوجود یہ مرض مجھ سے دوسروں کو نہ لگ جائے اس لئے میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔

ساجد جاوید نے کہا کہ طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے وہ گھر سے ہی اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے اور بطور وزیر صحت اپنا کام جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر صحت ساجد جاوید نے گزشتہ جمعے وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات بھی کی تھی۔ ڈاکٹروں نے صورتحال کے پیش نظر ان کا معائنہ بھی کیا ہے۔