Get Alerts

خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب: پاک فوج کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری

خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب: پاک فوج کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری

پشاور : خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پاک فوج نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کر دیا ہے۔ شدید متاثرہ علاقوں شانگلہ، بونیر اور صوابی میں پاک فوج کے انجینئرز کور اور امدادی ٹیمیں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقوں ڈلورائی، سرکوئی اور بادہ میں پاک فوج نے فوری رسپانس کے تحت متاثرہ مقام پر پہنچ کر سڑکوں کی بحالی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پیر بابا بائی پاس کو صاف کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا عمل جاری رہا تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس کے علاوہ، گوکند گاؤں جانے والی سڑک کو تین مختلف مقامات سے لینڈ سلائیڈنگ ہٹا کر کھول دیا گیا ہے، جبکہ آلوچ پران روڈ بھی آرمی انجینئرز کی بھاری مشینری کے ذریعے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

ادھر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی بھاری مشینری کے ساتھ متاثرہ علاقوں بیشونی اور قادر نگر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اب تک بیشونی کے قریب نالے سے پانچ افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔

ٹیگز: