اسلام آباد: ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، اس ہفتے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہفتہ وار مہنگائی کی سالانہ شرح 3.75 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران 17 اشیاء کی قیمتیں بڑھیں، جبکہ 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ چکن فی کلو 40.34 روپے اور انڈے فی درجن 10.31 روپے مہنگے ہوئے۔ جلانے کی لکڑی بھی فی من 12.35 روپے مہنگی ہوئی۔ دال مونگ، دہی، تازہ دودھ، مٹن اور خشک دودھ بھی مہنگائی میں شامل ہیں۔
دوسری جانب، ٹماٹر فی کلو 9.01 روپے، آلو 5.08 روپے اور چینی 7.09 روپے سستی ہوئی۔ ڈیزل، دال مسور اور ایل پی جی سلنڈر بھی قیمت میں کمی والے آئٹمز میں شامل ہیں۔ بریڈ، گندم کا آٹا، کپڑے اور 20 دیگر اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔