غیرقانونی تارکین وطن کیلئے برطانیہ میں کوئی جگہ نہیں : وزیر اعظم رشی سوناک

غیرقانونی تارکین وطن کیلئے برطانیہ میں کوئی جگہ نہیں : وزیر اعظم رشی سوناک

لندن : غیرقانونی طور پر سمندر کے راستے برطانیہ آنے والوں کو روانڈا بھیجنے کے حوالے سے حکومت نے بڑی کامیابی حاصل کرلی جب وزیراعظم رشی سوناک، اپنی پارٹی کی کے اراکین کی مخالفت کے باوجود روانڈا کو محفوظ ملک قرار دینے کا بل پارلیمنٹ سے منظور کرانے میں کامیاب ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سابق امیگریشن رابرٹ جینرک نے بھی ایک ترمیم پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجنے کے سلسلے میں انسانی حقوق کے قانون کے کچھ حقوق کو نظرانداز کر دیا جائے اور وزرا کے پاس یہ اختیار ہونا چاہئے کہ وہ یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس کے آخری منٹ میں آنے والے عبوری آرڈر مسترد کردیں۔ 

بعد ازاں نیوز کانفرنس میں وزیر اعظم رشی سوناک کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس غیرقانونی تارکین وطن سے نمٹنے کا منصوبہ ہے جو کہ کام کر رہاہے۔ پارلیمنٹ میں اس حوالے سے بل پاس ہو چکا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا اپوزیشن برطانوی عوام کو مایوس کرنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اس حوالے سے واضح پیغام دینا ہوگا کہ غیرقانونی طور پر برطانیہ آنے والے یہاں قیام نہیں کر سکیں گے۔ روانڈا بل کے حوالے سے لیبر پارٹی کے طرز عمل کے حوالے سے کہا کہ ان کی ترجیح کشتیوں کو روکنا نہیں بلکہ ان طیاروں کو روکنا ہے جو غیرقانونی طور پر پناہ کی تلاش میں آنے والوں کو لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر اپنے کنٹرول کو مضبوط بنانے اور اسمگلروں کو ناکام بنانے کیلئے ہائوس آف لارڈز کو اس بل کو منظور کرنا چاہئے۔ اب وقت آگیا ہے کہ روانڈا کیلئے پروازیں روانہ کی جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے سبب گزشتہ برس سمندر کے راستے آنے والوں کی تعداد میں ایک تہائی کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کی گرفتاریوں کیلئے چھاپوں میں 70 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، 7 ہزار افراد کے بینک اکائونٹس بند کئے گئے اور 20 ہزار افراد کو واپس ان کے ملکوں میں بھجوایا گیا ان مسائل کا طویل المدتی حل روانڈا منصوبہ ہی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں