پنجاب حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے مذاکرات ناکام

پنجاب حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے مذاکرات ناکام
کیپشن: سیکرٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں ہڑتال کے حوالے سے ڈیڈ لاک تاحال برقرار رہا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکرٹری خوراک پنجاب کے درمیان ہڑتال کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ کی جانب سے مسائل کے حل کی سمری منظور ہونے تک ملز نہ چلانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اورسیکریٹری خوراک وقاص علی محمود کے درمیان فلور ملز کی ہڑتال کے معاملے پر مذاکرات ہوئے جن میں فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے مرکزی چیئرمین عاصم رضا، چیئرمین پنجاب عبدالروف مختار سمیت دیگرنے شرکت کی۔

اس دوران فلور ملز ایسوسی ایشن نے سیکریٹری خوراک کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تاہم ملاقات میں سیکرٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں ہڑتال کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

سیکرٹری خوراک کا کہنا تھا کہ فلور ملز آٹے کا 20 کلوکا تھیلا 805 روپے میں فروخت کریں جب کہ  عبد الروف مختار نے کہا کہ گندم کی قیمت 1600 روپے فی من تک پہنچ چکی جس کی وجہ سے 805 روپے میں تھیلا فروخت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فلور ملزکی گندم کی صوبے بھر میں نقل وحمل پر عائد پابندی ختم کرے، سیکرٹری خوراک نے فلور ملزکے مسائل پر سمری وزیراعلیٰ پنجاب کوبھجوانےکا یقین دلایا ہے جب تک وزیراعلیٰ مسائل کےحل کی سمری منظورنہیں کرتے، ملز نہیں چلائیں گے۔