تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حملے کی دھمکیوں اور شدید دباؤ کے جواب میں ایران کا سخت ترین مؤقف سامنے آ گیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی دباؤ کے تحت اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گا اور مذاکرات کا مطلب ہرگز ہتھیار ڈالنا نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری کردہ اپنے ایک اہم بیان میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واشنگٹن کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرنا اچھی طرح جانتا ہے۔ انہوں نے کہا ایران عزت، وقار، طاقت اور قوم کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ گفتگو کا آغاز کرتا ہے۔ ہم کسی بھی صورت میں اپنے عوام اور ملک کے قانونی اور دفاعی حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی صدر کا یہ بیان امریکی صدر کے اس الٹی میٹم کے بعد سامنے آیا ہے جس میں واشنگٹن نے قابلِ قبول معاہدہ نہ ہونے پر ایران کے خلاف کسی بھی لمحے بڑے پیمانے پر عسکری کارروائی کی دھمکی دی تھی۔ ایران نے اپنے اس بیان سے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ مذاکرات میں کمزور فریق کے طور پر شامل نہیں ہوگا بلکہ اپنی طاقت اور وقار کا سودا نہیں کرے گا۔