اسلام آباد / تہران وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی سفارتی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
تقریباً 45 منٹ تک جاری رہنے والی اس طویل گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت کئی حساس معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
ایران امریکہ مذاکرات: رابطے کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور سفارتی تعطل کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی اہم مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے حالیہ دوروں اور وہاں کے عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کے ثمرات سے آگاہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت (فیلڈ مارشل) کی جانب سے خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔