اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی تیزی سے ابھرتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت تمام اہم فورمز پر ایران کی اصولی حمایت جاری رکھی ہے۔
ایرانی صدر نے پاکستان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کے معترف ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم دنیا میں اتحاد و یگانگت کی ضرورت پر اتفاق کیا اور دوطرفہ رابطوں کو مزید مضبوط رکھنے پر زور دیا۔