Get Alerts

کراچی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، شہر کے کئی علاقے زیرِ آب، معمولاتِ زندگی متاثر

کراچی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، شہر کے کئی علاقے زیرِ آب، معمولاتِ زندگی متاثر

کراچی : شہرِ قائد میں موسمیاتی سسٹم کے باعث دوسرے روز بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بجلی کی بندش جیسے مسائل نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں جن میں شاہ فیصل کالونی، صدر، لیاقت آباد، جمشید روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، شارع فیصل، نرسری، ایئرپورٹ، فریئر ہال، کھارادر، اردو بازار، طارق روڈ اور دیگر شامل ہیں، شدید بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

شدید بارش کے باعث شہر کے سات انڈر پاسز میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے، جنہیں ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر بارش کے بعد کچرے کے ڈھیر لگنے سے ماحولیاتی آلودگی اور بدبو سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق بارش کا سلسلہ آج شام 7 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ بھر میں بارشیں 23 اگست تک متوقع ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرقی علاقوں میں اب بھی گرج چمک کے ساتھ بادل موجود ہیں۔

گزشتہ روز کی طوفانی بارش کے دوران مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ شہر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، اور اسے کسی ایک شہر یا ادارے کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ منگھو پیر میں 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم نیوز کانفرنس کے دوران بارش دوبارہ شروع ہونے پر انہیں کانفرنس چھوڑنی پڑی۔

ادھر شہریوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: