اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے اور دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں حالیہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر ایرانی قیادت کو مبارکباد پیش کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے اگلے مرحلے اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق خصوصی بات چیت بھی کریں گے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ عرصے میں اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔