راولپنڈی: حکومت پاکستان نے موجودہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کے اعلیٰ ترین عہدے فیلڈ مارشل پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ملکی سکیورٹی، دفاعی پالیسی اور خطے کی مجموعی صورتِ حال پر بھی غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر جنرل عاصم منیر کی عسکری خدمات، قیادت اور ملکی دفاع کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ جنرل عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز ہونے والی دوسری شخصیت بن گئے ہیں۔ اس سے قبل صرف جنرل محمد ایوب خان کو 1950 کی دہائی میں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے رینک پر ترقی دینا ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تدبر اور عسکری حکمت عملی پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔