Get Alerts

آئی ایم ایف پاکستان پر قومی مفاد کے خلاف شرط نہیں لگا سکتا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

آئی ایم ایف پاکستان پر قومی مفاد کے خلاف شرط نہیں لگا سکتا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

واشنگٹن:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط دسمبر 2025 تک موصول ہونے کی توقع ہے، اور اس حوالے سے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ جلد اجلاس میں معاہدے کی منظوری دے گا۔

وزیر خزانہ ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے عالمی مالیاتی اجلاسوں میں شرکت کی۔ واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان پر کوئی ایسی شرط عائد نہیں کر سکتا جو قومی مفاد کے خلاف ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی اصلاحات آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ضرور ہیں، مگر یہ سب اقدامات ملکی معاشی ترجیحات کے مطابق ہیں، اور ان کے مثبت اثرات معیشت پر نمایاں ہو رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ کی ذیلی تنظیم انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے مینیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ سے ملاقات کی اور امید ظاہر کی کہ ایگزِم بینک جلد پاکستان کے ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے جے پی مورگن کے سینئر وفد سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ معاشی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر خزانہ نے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے قائم لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فوری طور پر فعال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ٹیگز: