افغان مہاجرین کی بڑی تعداد میں پاکستان آمد متوقع، تیاریاں مکمل

افغان مہاجرین کی بڑی تعداد میں پاکستان آمد متوقع، تیاریاں مکمل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آبا: افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی پاکستان آمد متوقع ہے جس کیلئے حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں موجودہ صورتحال کے باعث 5 لاکھ سے 7 لاکھ افغان مہاجرین ممکنہ طو رپر پاکستان آ سکتے ہیں جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مختلف جگہوں پر کیمپس بھی قائم کر دئیے گئے ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے مہاجرین کو قبول نہیں کریں گے
ذرائع کے مطابق افغان کمشنریٹ نے 3 کراسنگ پوائنٹس کے قریب مہاجر کیمپس کیلئے مقامات کی نشاندہی کر لی ہے اور اس مقصد کیلئے شمالی وزیرستان اور چترال کے سرحدی علاقے منتخب کئے گئے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کیلئے طور خم بارڈر کے قریب ضلع خیبر اور غلام خان بارڈر کے قریب شمالی وزیرستان میں کیمپ لگیں گے جبکہ چترال میں ارندو کراسنگ پوائنٹ کے قریب ضرورت پڑنے پر مہاجر کیمپ قائم کیا جائے گا۔
کمشنر افغان مہاجرین عباس خان نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان نے مزید افغان مہاجرین کو آنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اگر کوئی انسانی المیہ ہوا تو پاکستان اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ 
واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد غیر ملکیوں کیساتھ ساتھ افغان شہریوں کے انخلاءکا سلسلہ بھی جاری ہے اور بڑی تعداد میں شہری دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں جبکہ کابل ائیرپورٹ پر ہزاروں کی تعداد میں افراد موجود ہیں۔ 
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) بھی انخلاءکے اس عمل میں مدد فراہم کر رہی ہے اور گزشہ روز ہی پی آئی اے کی دو پروازیں پاکستانیوں اور 10 مختلف ممالک کے افراد سمیت 390 مسافروں کو لے کر کابل سے اسلام آباد پہنچی تھیں ۔