Get Alerts

صدر،وزیراعظم کی خضدار میں سکول بس پرحملے کی شدید مذمت

صدر،وزیراعظم کی خضدار میں سکول بس پرحملے کی شدید مذمت

اسلام آباد : خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دلخراش دہشتگرد حملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس حملے کا ذمہ دار بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کو قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا ایک گھناؤنا اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، اور ایسے عناصر کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھارت کے مکروہ کردار کو بے نقاب کرے گا کیونکہ دہشتگرد تعلیم، ترقی اور انسانیت کے دشمن ہیں، اور بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر درندگی کی تمام حدیں پار کر دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے سرپرست دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ حملہ دہشتگردوں کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی اور امن کے خلاف سازش کا واضح ثبوت ہے، لیکن حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنانے والے ان دہشتگردوں کو بخشا نہیں جائے گا۔

دونوں رہنماؤں نے واضح پیغام دیا کہ ملک کے امن، بچوں کی جانوں اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ٹیگز: