Get Alerts

پاک فوج کا دیوسائی، بابوسر اور سکردو میں شاندار ریسکیو آپریشن جاری

پاک فوج کا دیوسائی، بابوسر اور سکردو میں شاندار ریسکیو آپریشن جاری

سکردو : گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے ہوئے سیاحوں اور مقامی افراد کی مدد کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔

پاک فوج اور گلگت بلتستان سکاوٹس کے اہلکاروں نے دیوسائی، بابوسر اور سکردو کے علاقوں میں متعدد سیاحوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ اب تک ہیلی کاپٹرز کی 15 سورٹیز کے ذریعے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

آرمی انجینئرز کی مدد سے سکردو روڈ، سدپارہ، اور دیوسائی کے درمیان بند راستے کھولے جا چکے ہیں جبکہ بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر بھی راستے کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔

پاک فوج کی جانب سے پھنسے ہوئے افراد کو خوراک اور طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ 150 تیار کھانے کے پیکٹس ہیلی کاپٹرز کے ذریعے روانہ کیے گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب گم شدہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جو دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں بھی کام کر رہی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے بھرپور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں کا سفر فی الحال مؤخر کریں تاکہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔

ٹیگز: