نئی دہلی: بھارتی جریدے فرسٹ پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کو سفارتی چیلنجز کا سامنا ہے اور امریکا کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی توقعات بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار نظر آ رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انڈو پیسفک سے لے کر عالمی سفارتی محاذ تک بھارت کی پوزیشن کو نئی آزمائشوں کا سامنا ہے۔ جریدے نے نشاندہی کی کہ بدلتی ہوئی عالمی سیاست میں نئی دہلی کو اپنی خارجہ پالیسی اور اتحادیوں کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کو امید تھی کہ امریکا خطے میں اس کا سب سے مضبوط شراکت دار ثابت ہوگا، تاہم موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے تعلقات کے مستقبل پر بحث جاری ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی مسابقت، علاقائی کشیدگی اور بدلتی سفارتی ترجیحات نے بھارت سمیت کئی ممالک کے لیے نئی صورتحال پیدا کر دی ہے، جس میں متوازن خارجہ حکمت عملی انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔