'احد چیمہ کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت لائیں تو ہم حمایت نہیں کریں گے'

'احد چیمہ کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت لائیں تو ہم حمایت نہیں کریں گے'

لاہور: پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی کسی کرپٹ افسر کی پشت پناہی نہیں کی بلکہ کارروائی کی ہے۔ احد چیمہ کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت لائیں ہم اُس کی حمایت نہیں کریں گے ۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری جس انداز سے ہوئی ہے وہ قانون سے بالاتر ہے۔ نیب قانون کے مطابق ثبوت سامنے آ جائے تو ریفرنس تیار کیا جاتا ہے،پھر عدالت سے گرفتاری کے وارنٹ مانگے جاتے ہیں۔ نیب کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا اختیار حاصل نہیں اور نیب کے کردار پر پیر کو ایوان میں بحث کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے آئین نہیں اور تخلیق کبھی خالق سے سپریم نہیں ہوتی ۔ اس ملک میں نواز پلس سیاست ہی کامیاب ہو گی کیونکہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو سینیٹ الیکشن سے آوٹ کر دیا گیا ہے جس پر پوری قوم سکتے کی حالت میں ہے۔ ایک شہری کو پارٹی بنانے کا اختیار نہیں رہا اور یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

رانا ثناء اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کو کیوں گرفتار کیا گیا وجہ نہیں بتائی گئی۔ گرفتاری سے روز مرہ کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ چیف سیکریٹری کو لکھ کر بھیج دیتے تو احد چیمہ خود نیب میں پیش ہو جاتے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں